ماہرہ خان، ہمایوں سعید کی فلم ’Love Guru‘ کا ٹریلر ریلیز

ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی ‘Love Guru’ عید الاضحیٰ پر سینما گھروں کی زینت بنے گی:
شائقین کا طویل انتظار بالآخر ختم ہوا!
ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی آنے والی رومانوی کامیڈی فلم ‘Love Guru’ کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے
اور اسے عید الاضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں میں پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ فلم دونوں اداکاروں کی تین سال بعد بڑے پردے پر واپسی کی نشاندہی کرتی ہے۔
ان کی آخری فلمیں 2022 میں ریلیز ہوئی تھیں –
ماہرہ خان کی ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ اور ہمایوں سعید کی ‘لندن نہیں جاؤں گا’۔
نہ صرف یہ دونوں تین سال بعد بڑے پردے پر واپس آ رہے ہیں،
بلکہ وہ ایک دہائی بعد ایک ساتھ رومانس کرتے بھی نظر آئیں گے۔
آخری بار دونوں نے ‘بن روئے’ میں رومانوی جوڑی کا کردار ادا کیا تھا۔
‘Love Guru’ کے ٹریلر سے فلم کی کہانی کو پوری طرح سمجھنا مشکل ہے، لیکن یہ عندیہ ضرور دیتا ہے
کہ ہمایوں سعید فلم میں ایک دل پھینک عاشق کا کردار نبھائیں گے جو بعد میں ماہرہ خان کے والد
جاوید شیخ کی طرف سے ایک کام سونپے جانے کے بعد حقیقی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے اور ماہرہ خان کو بھی لندن کی ایک
خوبصورت، بولڈ اور آرکیٹیکٹ لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
اسی شہر میں ہمایوں سعید بھی متعدد لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنساتے دکھائی دیتے ہیں۔
ٹریلر سے یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کے درمیان اس وقت محبت پروان چڑھتی
ہے جب ہمایوں سعید اداکارہ کے والد کی جانب سے بیٹی کی شادی رکوانے کا کام سر انجام دیتے ہیں۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ماہرہ خان کے والد جاوید شیخ نہیں چاہتے کہ ان کی بیٹی اس شخص سے
شادی کرے جس سے ان کی شادی ہونے والی ہوتی ہے۔ اسے رکوانے کے لیے وہ ہمایوں سعید کو ٹاسک
دیتے ہیں جو اپنا ٹاسک پورا کرتے کرتے ماہرہ خان کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
فلم کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری ندیم بیگ نے دی ہے۔
اسے ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم کو اے آر وائی فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا اور شائقین کو رومانس کے ساتھ ساتھ
پشتون اور پنجابی تڑکے کی کامیڈی بھی سننے اور دیکھنے کو ملے گی۔