
کراچی ( کامرس رپورٹر) ما سٹر چنگان موٹرز لمیٹڈ نے چنگان السوین کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ پاکستان کی پہلی یورو فائیو سمارٹ سیڈان کار ہے۔
پہلے سی کے ڈی یونٹ کی تقریب رونمائی 14 دسمبر کو کمپنی کے جدید ترین پلانٹ پر منعقد ہوئی۔ ماسٹر چنگان موٹرز لمیٹڈ چنگان آٹو موبائلز کے ساتھ مشترکہ منصوبے میں شامل ہو گیا ہے جو گذشتہ دس سالوں سے مسلسل چین کا نمبر ون آٹو موبائل برانڈ ہے۔
ماسٹر چنگان موٹرز کے سی ای او دانیال ملک نے اس موقع پر کہا کہ السوین پاکستانی صارفین کیلئے آٹو موٹو ٹیکنالوجی کا ایک متاثر کن شاہکار ہے جو پاکستان میں پہلی مرتبہ متعارف کرائی جا رہی ہے۔
اس میں پاکستان کا پہلا یورو فائیو انجن، ڈوئل کلچ آٹو میٹک ٹرانسمیشن سٹارٹ سٹاپ ٹیکنالوجی (ایس ایس ٹی)، ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم (ٹی پی ایم ایس)، کروز کنٹرول اور سات انچ کی ہیومن مشین انٹرفیس (ایچ ایم آئی) شامل ہے۔
100 ملین ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری کے بعد کمپنی نے پاکستان میں چنگان السوین کو متعارف کرانے کیلئے 36 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کی اور اس کا مقصد 2021ءمیں مزید دلکش ماڈل متعارف کرانا ہے۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر مسٹر ٹونی نے کہا کہ پاکستان کی ماسٹر چنگان موٹرز چین سے باہر چنگان کا پہلا مشترکہ منصوبہ ہے اور اس کا پاکستان سے دنیا بھر میں آر ایچ ڈی گاڑیوں کی برآمد کیلئے ایک سٹریٹجک بیس ہے۔