
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست گراوٹ، سرمایہ کاروں میں تشویش:
آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تجارتی سرگرمیاں شروع ہوتے ہی شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا۔
ابتدائی گھنٹوں میں ہی بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ساڑھے چھ ہزار پوائنٹس سے زائد کی
کمی واقع ہوئی،
جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اگرچہ بعد میں مارکیٹ میں کچھ بحالی دیکھنے میں آئی،
تاہم دن کے اختتام پر بھی انڈیکس 3 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
کاروبار کے آغاز میں تیزی سے گرتے ہوئے، کے ایس ای 100 انڈیکس دن کی کم ترین سطح 1 لاکھ 7 ہزار
7.68 پوائنٹس تک جا پہنچا، جو کہ 6 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی نمایاں کمی تھی۔
بینچ مارک 100 انڈیکس 3,559.48 پوائنٹس یا 3.13 فیصد کی کمی کے ساتھ 110,009.02 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر فروخت کا دباؤ دیکھا گیا جس نے تقریباً تمام اہم شعبوں کو متاثر کیا، جن میں
کمرشل بینک
تیل و گیس کی تلاش
اور مارکیٹنگ کمپنیاں،
بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریز شامل ہیں۔
انڈیکس میں وزنی حیثیت رکھنے والے بڑے اسٹاکس جیسے
او جی ڈی سی
پی پی ایل
پی او ایل
حبکو
ایس این جی پی ایل
اور ایس ایس جی سی بھی مندی کا شکار ہوئے۔
جے ایس گلوبل کے ہیڈ آف ریسرچ وقاص غنی نے بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں
4500 سے زائد پوائنٹس کی تیز بحالی مارکیٹ کے اعتماد کی نشاندہی کرتی ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کی وجہ مضبوط معاشی بنیادوں اور امریکی وزیر خارجہ
کے بیان کے بعد تناؤ میں کمی کی توقعات کو قرار دیا۔