
پی ایس ایل 10 کا دوبارہ آغاز:
راولپنڈی اسٹیڈیم میں شان دار افتتاحی تقریب اور مسلح افواج کو خراج عقیدت:
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 10 کا دوبارہ آغاز ہوا ہے، جس کا انتظار گزشتہ کشیدگی
کے باعث ملتوی ہونے کے بعد تھا۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچز سے قبل ایک پرُکشش افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا،
جس میں اداکار حمزہ علی عباسی میزبان کے فرائض انجام دیتے نظر آئے۔ اس تقریب میں معروف
پاکستانی گلوکار و موسیقار ساحر علی بگا نے اپنی آواز سے محفل کو مسحور کر دیا اور ملی نغموں سے
شائقین کے دل جیت لیے۔ اسی طرح، گلوکار اسرار شاہ نے بھی ایک شاندار پرفارمنس پیش کی، جس کا
خاص مقصد مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
اسٹیڈیم میں رنگ برنگی آتشبازی بھی کی گئی، جس سے آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔
میچ دیکھنے کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل سید عاصم منیر، بھی اسٹیڈیم پہنچے جہاں شائقین
نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ آج کا
دن پاکستان کے شہدا اور بہادر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے،
جو ملک کے دفاع کے لیے فرنٹ لائن پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ اس اعلان میں یہ بھی بتایا گیا کہ پی ایس ایل کے
ری شیڈول میچز کے تین روز کو پاکستان کی مسلح افواج کے نام وقف کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے جوانوں کا حوصلہ بلند اور ہمت کو قائم رکھے۔